سنیچر کے روز ہزاروں فلسطین کے حامی شہریوں نے آسٹریلیا کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالیں۔ ایڈیلیڈ میں سینکڑوں مظاہرین شہر کے وسط میں مارچ کرنے سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جمع ہوئے۔
آسٹریلین پیلیسٹینیئن کمیونٹی کے رکن جنا فندی نے کہا کہ 'ہمیں یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ انہوں نے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہ ختم ہو گیا ہے۔ فلسطین آزاد ہونے تک یہ کبھی ختم نہیں ہوگا۔'
سڈنی میں ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر مارچ کرنے، نعرے لگانے اور بینرز لہرانے سے پہلے ہیڈ پارک میں جمع ہوئے۔
فلسطین ایکشن گروپ کی کارکن دالیہ الحاج قاسم نے کہا کہ 'فلسطینیوں کو اسرائیلی قابض فوج کی طرف سے تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور جب تک یہ قبضہ ختم نہیں ہوتا اس کا خاتمہ نہیں ہوگا۔'
اس کے علاوہ فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کرنے کے لئے ہوبارٹ، میلبورن اور برسبین میں بھی لوگ سڑکوں پر آئے اور ریلیاں نکالیں۔
غزہ میں اسرائیل اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے مابین حالیہ تنازع کے بعد سینکڑوں مظاہرین نے ہفتہ کے روز پیرس میں بارش کے دوران سڑکوں پر آ کر فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔