کووڈ 19 کے باعث مہنیوں سے نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد روس کے دارالحکومت ماسکو میں ہفتے کے روز ڈریم آئیلینڈ نامی ایک مشہور تفریحی پارک کو لوگوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
سینکڑوں لوگ اپنے بچوں کے ساتھ اس نئے انڈور پارک کے کھلنے کے منتظر تھے۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ذریعہ افتتاح کے بعد 'ڈریم آئلینڈ' محض ایک ماہ بعد ہی وبائی بیماری کے باعث بند کر دیا گیا تھا۔ اب اسے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
ایک مقامی ویزیٹر ایلینا مالیکیفا نے کہا کہ ''میری جڑواں بیٹیوں کی آج سالگرہ ہے اور ہم لوگوں نے اسے یہاں منانے کا فیصلہ کیا کیونکہ ہم نے اسے بہت یاد کیا۔ ہم لوگ کچھ غیر معمولی چاہتے تھے۔ ہم لوگ باہر نکلنا چاہتے تھے اور کچھ تفریح کرنا چاہتے تھے۔''
ماسکو میں کووڈ 19 کے متعلق نافذ بیشتر پابندیوں کو پہلے ہی ختم کر دیا گیا ہے اور 13 جولائی کو تفریحی پارکوں کو بھی کھولنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ تاہم ماسکو کے میئر سرگے سوبیانین نے اپنے بلاگ پر لکھا ہےکہ پارک میں 50 فیصد لوگوں کو ہی داخلہ ملے گا، تاکہ سماجی فاصلے پر عمل کیا جا سکے۔