برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ جنوری 2020 میں ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک میزائل حملے میں مار گرائے جانے والے یوکرین کے مسافر جہاز کے ذمہ داروں کو اپنے کیے کی سزا بھگتنا ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین کے ہوائی جہاز کو مار گرانے والے ایرانی کسی صورت میں سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ یوکرین کے مسافر جہاز کو مار گرانے کا حکم ایران کے اعلیٰ حکام کی طرف سے دیا گیا۔ ایران چھوٹے اہلکاروں پر اس کا الزام عاید کر کے اصل قصور واروں کو نہیں بچا سکتا۔ انہوں نے یہ بیان اس وقت دیا جب کینیڈا نے اس حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی ہے۔
برطانوی وزیرر اعظم بورس جانسن نے ٹویٹر پر پوسٹ متعدد ٹویٹس میں اپنے کینیڈین ہم منصب کے اس بیان کی تائید کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ یوکرین کے ہوائی جہاز کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ ایک المیہ تھا اور اس کی ذمہ داری ایران کے اعلیٰ حکام پرعاید ہوتی ہے۔ اس حادثے میں یوکرین کے مسافر جہاز PS752 میں سوار 176 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کو اس سانحے کی ذمہ داری اٹھانا ہوگی۔ انہوں نے ہلاک ہونے والے تمام افراد کو انصاف فراہم کرنے اور اس حوالے سے دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔