یوروپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئر لائن نے جی 20 کی ورچوئل سمٹ کے دوران افغانستان میں پیدا اقتصادی بحران کو ختم کرنے کے لیے ایک بلین یورو (1.2 بلین ڈالر) کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔
ترقی یافتہ اور مستحکم معاشیات کے حامل ممالک پر مشتمل گروپ کے جی 20 کی خصوصی ورچوئل سمٹ کا میزبان ملک اٹلی تھا۔ جس میں رکن ممالک کے رہنماؤں نے افغانستان میں پیدا ہونے والے انسانی بحران کی موجودہ صورت حال اور سکیورٹی کے حالات پر توجہ مرکوز کی۔
یوروپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئر لائن نے امدادی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ انسانی بنیادوں پر دی جانے والی اُس امداد کے علاوہ ہے، جس کا تعلق یوروپی یونین ڈیویلپمنٹ فنڈ سے ہوتا ہے کیونکہ یہ فنڈ افغانستان کے لیے کسی اگلے فیصلے تک منجمد رہے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں یہ امداد ان بین الاقوامی تنظیموں کے توسط سے تقسیم کی جائے گی، جو پہلے سے سماجی و معاشی بہبود کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔