مغربی جرمنی میں سیلاب کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے اور اس کے سبب کم از کم چھ مکانات منہدم ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کی پولیس نے بتایا کہ دریائے احر میں سیلاب کے باعث بون کے جنوبی علاقے اہروائلر کے گرد و نواح میں چار افراد ہلاک اور 30 لاپتہ ہیں اور کئی مکانات منہدم ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں تقریباً 50 افراد مکانات کی چھتوں پر پھنسے ہوئے ہیں جبکہ مزید کئی مکانات کے منہدم ہونے کا خدشہ ہے۔
پولیس کے ترجمان نے کہا کہ ’بہت ساری جگہیں ایسی ہیں جہاں فائر بریگیڈ اور امدادی رضاکار کو تعینات کیا گیا ہے، ہمارے پاس ابھی تک واضح اطلاعات نہیں ہیں کیونکہ امدادی اقدامات جاری ہیں‘۔ انہوں نے بتایا کہ بون کے شمال مشرق میں واقع ساورلینڈ کے علاقے میں دو فائر فائٹرز ہلاک ہوگئے ہیں۔