میانمار میں فوج کے ذریعہ تختہ پلٹ کے خلاف ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
میانمار: ینگون میں ہلاک مظاہرین کو خراج عقیدت جمعرات کے روز مظاہرین ینگون میں جمع ہوئے اور فوجی حکومت کی مخالفت کے دوران سکیورٹی فورسز کے ذریعہ کریک ڈاؤن میں ہلاک شدہ مظاہرین کو خراج عقیدت پیش کیا۔
احتجاجیوں نے جمہوریت کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے ہلاک شدہ مظاہرین کے لئے دعائیں کیں اور پرندوں کو آزاد کیا۔ اس کے بعد احتجاجیوں نے مغربی شہر کے الہون علاقے کی جانب مارچ کیا۔
سیاسی قیدیوں کی معاونت ایسوسی ایشن کے مطابق بغاوت مخالف مظاہروں کے دوران سکیورٹی فورسز کے پرتشدد ردعمل میں 715 افراک ہلاک ہوئے ہیں۔
آزاد مقامی میڈیا اور اے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے سکیورٹی فورسز کے ذریعہ کریک ڈاؤن کے دوران صرف ایک دن میں 82 مظاہرین ہلاک ہوئے ہیں۔
فوج کے ذریعے یکم فروری کو آنگ سان سوچی کی منتخب حکومت کو اقتدار سے بےدخل کرنے کے بعد ملک بھر میں مسلسل مظاہرے ہو رہے ہیں اور مظاہرین پر سکیورٹی فورسز پرتشدد کارروائی کر رہی ہے۔
اس دوران بڑی تعداد میں مظاہرین کی لاشوں کو سکیورٹی فورسز نے اپنے قبضے میں بھی لے لیا ہے جس سے ہلاک شدگان کا مکمل اندازہ لگانا مشکل ہے۔
ساتھ ہی پریس کو بھی پوری خبر موصول نہیں ہو پارہی ہے کیونکہ ملک میں فوجی حکومت کے دوران میڈیا پر بھی کئی طرح کی پابندیاں اور سختیاں عائد کی گئی ہیں۔