اردو

urdu

ETV Bharat / international

امریکہ نے جنوبی بحیرہ چین پر چین کے دعوے کو خارج کیا - امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو

جنوبی بحیرہ چین میں چین، ویتنام، انڈونیشیا، ملائیشیا، برونئی، فلپائن، تائیوان کے درمیان تنازعہ ہے۔ نائن ڈیش لائن کے نام سے پہچانے جانے والے علاقے پر چین اپنا دعویٰ پیش کرتا رہا ہے

US
US

By

Published : Jul 14, 2020, 1:13 PM IST

امریکہ نے جنوبی بحیرہ چین پر چین کے دعوے کو خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اسے(چین کو)اس سمندر کو سمندری سلطنت کی طرح استعمال نہیں کرنے دے گی۔

امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے کہا کہ ’’ہم واضح کر رہے ہیں کہ امریکہ جنوبی بحیرہ چین کے زیادہ تر علاقوں پر چین کے دعوے کو غیر قانونی مانتا ہے۔ اس کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے اور یہ صرف انہیں کنٹرول کرنے کی کوشش ہے۔‘‘

امریکہ کے اس بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے واشنگٹن میں چینی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا کہ چین اس الزام کو پوری طرح سے نامناسب قرار دیتا ہے کہ وہ اپنے پڑوسیوں کو پریشان کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’امریکہ اس معاملے میں براہ راست طورپر شامل نہیں ہے۔ اس کے باوجود وہ معاملے میں مسلسل مداخلت کر رہا ہے۔ وہ استحکام بنائے رکھنے کی آڑ میں تناؤ کو بڑھاوا دے رہا تھا اور خطے کے ملکوں کو لڑائی کے لئے اکسا رہا ہے۔‘‘

جنوبی بحیرہ چین میں چین اور ویتنام، انڈونیشیا، ملائیشیا، برونئی، فلپائن، تائیوان کے درمیان تنازعہ ہے۔ نائن ڈیش لائن کے نام سے پہچانے جانے والے علاقے پر چین اپنا دعویٰ پیش کرتا رہا ہے اور اپنے دعووں کو مضبوط کرنے کے لئے اس علاقے میں مصنوعی جزیرہ بھی بنا رہا ہے۔ واضح رہے کہ چین نے پچھلے کچھ دنوں میں اپنی بحریہ کی موجودگی بھی ان علاقوں میں بڑھا دی ہے جس سے جنوبی بحیرہ چین میں تناؤ اور بڑھ گیا ہے۔

مسٹر پومپیو نے کہا کہ ’’امریکہ اپنے جنوب مشرقی ایشیا کے ساتھیوں اور ساجھے داروں کےساتھ کھڑا ہے اور بین الاقوامی قانون کے تحت ان کی سالمیت اور وسائل پر ان کے حقوق کی حفاظت کرے گا۔ امریکہ جنوبی بحیرہ چین یا کسی بھی دوسرے بڑے علاقے میں طاقت کے دم پر قبضے کی ہر کوشش کو خارج کرتا ہے اور سمندری علاقوں کی حفاظت اور خودمختاری کی حفاظت میں بین الاقوامی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ چین غیر قانونی طریقے سے سمندری علاقے پر دعویٰ نہیں کر سکتا ہے، چاہے وہ اسکار برو ریف ہو یا اسپارٹلی جزیرہ۔ امریکہ چین سے 1800 کلومیٹر دور واقع جیمس شول پر بھی چین کے دعوے کو غیر قانونی مانتا ہے۔

امریکی ویزر خارجہ نے کہا کہ امریکہ یہ واضح کررہا ہے کہ جنوبی بحیرہ چین میں تمام وسائل پر چین کا دعویٰ اتنا ہی غیر قانونی ہے، جتنا ان علاقوں پر کنٹرول کرنے کے لئے ملکوں کو ڈرانے دھمکانے کی اس کی مہم۔ امریکہ بین الاقوامی اصولوں کے دائرے میں سمندری علاقے میں بے روک ٹوک کاروباری جاری رکھنے کے حق میں ہے اور فوجی دستے یا دھمکی سے تنازعوں کے حل کی کسی بھی کوشش کی مخالف کرتا ہے۔

واضح رہے کہ مسٹر پومپیو کا یہ بیان بھارت سمیت مختلف پڑوسی ملکوں کے ساتھ چین کے بڑھتے تناؤ کے درمیان آیا ہے۔ بھارت اور چین کی افواج کے درمیان پچھلے سات ہفتوں سے مشرقی لداخ کے کئی مقامات پر تعطل کی صورتحال برقرار تھی اور 15 جون کو گلوان وادی میں پُر تشدد جھڑپ میں بھارت کے 20 فوجی اہلکاروں کے شہید ہونے کے بعد حالات اور نازک ہوگئے تھے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details