امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے نیٹو کے اتحادی یونان اور ترکی کے مابین مذاکرات کی حمایت کا اظہار کیا، جن کے تعلقات اس حد تک خراب ہو گئے ہیں کہ دونوں ممالک بحیرہ روم میں جنگ کے دہانے پر کھڑے ہیں۔
یونان اپنے ہمسایہ ملک ترکی کے ساتھ تنازعہ میں حمایت کے لیے امریکہ اور یوروپی یونین کی طرف دیکھ رہا ہے۔ یونان کا الزام ہے کہ ترکی نے مشرقی بحیرہ روم میں اس کے حقوق کی پامالی کی ہے۔
پومپیو نے اپنے پانچ روزہ دورے کے دوسرے روز جزیرے کریٹ پر واقع سوڈا بے فوجی اڈے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم نیٹو کے اتحادی یونان اور ترکی کے مابین بات چیت کی بھر پور حمایت کرتے ہیں اور انہیں ان معاملات پر جلد از جلد بحث شروع کرنے کی ترغیب دیتے ہیں'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم امریکی، بحیرہ روم میں استحکام اور خوشحالی کے لئے ایک حقیقی ستون کے طور پر یونان کی طرف دیکھتے ہیں اور ہمیں یونان کی حمایت کرنے پر ناقابل یقین حد تک فخر ہے'۔