اقوام متحدہ نے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایک ہسپتال پر ہوئے خوفناک حملے کی مذمت کی ہے، جس میں کم از کم 25 افراد ہلاک اور تقریباً 50 زخمی ہوگئے ہیں۔
افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (یو این اے ایم اے) نے کہا کہ جن لوگوں نے بھی یہ حملہ کیا ہے، ان کی گرفت کی جانی چاہیے۔
یو این اے ایم اے نے ٹویٹ کیا ’’ اقوام متحدہ کابل میں ایک اسپتال پر ہوئے ہولناک حملے کی مذمت کرتا ہے، طبی عملے اور علاج کے خواہاں شہریوں کو نشانہ بنانے والے حملے انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔ اس کے لیے ذمہ داروں کا احتساب ہونا چاہیے‘‘۔
ذرائع کے مطابق ملک کے سب سے بڑے فوجی اسپتال میں منگل کے روز ہوئے دو زبردست دھماکوں میں کم از کم 25 افراد ہلاک اور 50 کے قریب زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ بھی کی۔ اس حملے میں طالبان کا ایک عہدیدار بھی ہلاک ہوا ہے۔
وہیں، دولت اسلامیہ کی شاخ دولت اسلامیہ خراسان (ISIS-K) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔