اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل نمائندے ٹی ایس تیرومورتی نے جمعرات کو کہا کہ افغان سرزمین کسی ملک کو دھمکی دینے یا حملہ کرنے، دہشت گردوں کو پناہ دینے یا تربیت دینے یا دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی یا مالی اعانت کے لیے استعمال نہیں کی جانی چاہیے۔
تیرومورتی نے مزید کہا 'ہم امید کرتے ہیں کہ افغانوں اور تمام غیر ملکیوں کے افغانستان سے محفوظ اور منظم طریقے سے روانگی کے حوالے سے کیے گئے وعدوں پر عمل کیا جائے گا۔'
انہوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ بھارت نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران افغانستان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ جس میں بجلی، پانی کی فراہمی، سڑک کنیکٹوٹی، صحت، تعلیم اور زراعت کے اہم شعبے شامل ہیں۔