اردو

urdu

ETV Bharat / international

میانمار: آنگ سان سوچی کے خلاف غداری کے مقدمے میں ٹرائل کا آغاز

اگر آنگ سان سوچی پر لگائے گئے تمام الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو 75 سالہ نوبیل انعام یافتہ رہنما کو ایک دہائی سے زائد عرصے تک قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔

Aung San Suu Kyi
Aung San Suu Kyi

By

Published : Jun 16, 2021, 9:12 PM IST

میانمار میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں حکومت کا تختہ الٹنے کے 4 سے زائد ماہ کے بعد میانمار کی معزول رہنما آنگ سان سوچی کے خلاف ایک جنتا (فوجی) عدالت میں غداری کے الزام میں ٹرائل کا آغاز کردیا گیا۔

ڈان نے فرانسیسی خبررساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ میانمار میں فروری سے فوج کے خلاف جمہوریت کے حامیوں کے مظاہرے جاری ہیں۔ ایک مبصر گروپ کے مطابق مظاہرین کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں 850 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

آنگ سان سوچی کی وکیل من من سوئے نے کہا کہ معزول رہنما میانمار کے دارالحکومت نی پیدا کی عدالت میں پیش ہوئیں، جہاں جنتا نے ان پر لگائے گئے غداری کے الزام کی حمایت میں پیش کیے گئے گواہ کا بیان ریکارڈ کیا۔

وکیل نے کہا کہ 'ان کی مزاحمت اچھی ہے، وہ سنتی ہیں، کچھ جگہ پر (بیان ریکارڈ ہونے کے دوران جب ان کے خلاف بات ہوئی تو) وہ مسکرائیں'۔

عدالت نے ان کے خلاف علیحدہ الزام پر بھی بیان ریکارڈ کیا کہ گزشتہ برس ہونے والے انتخابات کے دوران جب ان کی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی کامیاب ہوئی تو آنگ سان سوچی نے کورونا وائرس کی پابندیوں کی خلاف ورزی کی تھی۔

اگر آنگ سان سوچی پر لگائے گئے تمام الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو 75 سالہ نوبیل انعام یافتہ رہنما کو ایک دہائی سے زائد عرصے تک قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔

جنتا (فوج) کی جانب سے دارالحکومت میں تعمیر کیے گئے ویران کمرہ عدالت میں جاری کارروائی کے دوران صحافیوں کا داخلہ ممنوع تھا جہاں صرف گواہ، درخواست گزار اور پروسیکیوشن کے وکلا کے ساتھ ساتھ صرف ایک جج اور 2 کلرک موجود تھے۔ ایک صحافی نے کہا کہ کمپاؤنڈ کے گرد پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔

گھر میں نظر بند کی گئیں آنگ سان سوچی کو سونے کی غیر قانونی ادائیگیاں قبول کرنے اور نوآبادیاتی دور کے رازداری کے قانون کی خلاف ورزی کرنے سمیت کئی الزامات کا سامنا ہے۔ وکیل من من سوئے نے کہا کہ 'ہم جب بھی انہیں دیکھتے ہیں، وہ اپنے اعتماد کے ساتھ ہمیشہ مضبوط نظر آتی ہیں'۔

ان کے علاوہ سابق صدر ون مینٹ اور سینئر این ایل ڈی رہنما ڈاکٹر میو آنگ کے خلاف بھی غداری کے مقدمات چل رہے ہیں اور وہ بھی گزشتہ روز آنگ سان سوچی کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ وکیل من من سوئے نے کہا کہ مقدمے کی کارروائی اب اگلے ہفتے ہوگی۔

واضح رہے کہ میانمار میں فوج نے یکم فروری کی صبح جمہوری طور پر منتخب حکومت کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا اور آنگ سان سوچی اور ان کی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی (این ایل ڈی) کے دیگر رہنماؤں کو حراست میں لے لیا تھا۔

(یو این آئی)

ABOUT THE AUTHOR

...view details