پاکستان کے شہر لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے ہفتے کے روز دہشت گردی سمیت 20 سے زائد مقدمات میں گرفتار تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے کئی رہنماؤں کو ضمانت دے دی۔
مقامی میڈیا کے مطابق جسٹس اعجاز احمد بٹر اور جسٹس حسین بُھٹہ نے ٹی ایل پی رہنماؤں کے خلاف 20 سے زائد مقدمات کی سماعت کے بعد ضمانت منظور کرتے ہوئے انھیں ایک ایک لاکھ روپے کا مچلکہ جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔
اس دوران اسپیشل پراسیکیوٹر عبدالرؤف واٹو نے ضمانت کی مخالفت کی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ہفتے کے روز تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے کم از کم 39 حامیوں کو ضمانت دے دی۔ ضمانت یافتہ رہنماؤں میں مولانا فاروق الحسن، غلام غوث بغدادی، پیر ظہیر الحسن اور مولانا شرف الدین شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق، عدالت نے ہفتے کے روز ہونے والی سماعت میں ان افراد کی فوری رہائی کی ہدایت کی۔