طالبان نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو دھمکی دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ افغانستان سے بین الاقوامی افواج کے انخلا کے لیے 31 اگست کی آخری تاریخ ایک ’ریڈ لائن‘ ہے اور اس میں توسیع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے اتوار کو برطانیہ کے نشریاتی ادارے اسکائی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ "اگر انہوں نے توسیع کی تو اس کا مطلب ہے کہ وہ قبضہ بڑھا رہے ہیں"۔
طالبان کے ترجمان نے کہا کہ اگرچہ امریکی صدر جو بائیڈن نے 31 اگست کی آخری تاریخ تک فوجیوں کے انخلا کا وعدہ کیا تھا، اس کے بعد سے انہوں نے کہا ہے کہ ملک سے تمام امریکیوں کے انخلا کو جاری رکھنے کے لیے اہلکاروں کو رہنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی توسیع طالبان اور امریکہ کے درمیان "عدم اعتماد" پیدا کرے گی۔