افغانستان میں اپنی پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے، طالبان جنگجوؤں نے اتوار کے روز دو صوبائی دارالحکومت قندوز اور سرپل کی اہم سرکاری عمارتوں پر قبضہ کر لیا۔ بگڑتی صورت حال کے پیش نظر ایران نے صوبہ نیمروز میں ملک کی اہم سرحدی کراسنگ بند کر دی۔
ایران نے اعلان کیا کہ صوبے سیستان اور ضلع ملاک کی سرحد پر کراسنگ پوائنٹ کو پڑوسی صوبے نیمروز میں تشدد میں اضافے کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔ صوبہ نیمروز کو طالبان نے اپنے قبضے میں لے لیا۔
طالبان نے قندوز اور سر پل پر اتوار کے روز چند گھنٹوں کے اندر قبضہ کر لیا۔ اس دوران اور آگے بڑھتے ہوئے، طالبان اور حکومتی فورس کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل افغانستان کی سرکار نے صوبہ جوزجان کے دارالحکومت شبرغان اور نمروز کے صوبائی دارالحکومت زرنج پر طالبان کے قبضے کی تصدیق کی تھی۔