بھارت اور طالبان کے نمائندوں نے بدھ کو افغانستان کے متعلق ماسکو فارمیٹ مذاکرات کے موقع پر ملاقات کی۔ امارت اسلامیہ افغانستان کے ایک سرکاری ترجمان نے ٹویٹ کیا "دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفارتی اور معاشی تعلقات کو بہتر بنانے پر غور کیا۔"
اسلامی امارت افغانستان کے نائب وزیراعظم مولوی عبدالسلام حنفی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے جے پی سنگھ سے ملاقات کی۔ ابھی تک بھارت کی طرف سے اس ملاقات کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان نہیں دیا گیا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار جے پی سنگھ افغانستان کے متعلق ماسکو فارمیٹ مذاکرات میں بھارت کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے ایک ٹویٹ کے مطابق بھارت نے افغانستان کو انسانی امداد فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بدھ کے روز کہا کہ بھارت نے ماسکو فارمیٹ ڈائیلاگ میں افغانستان کو انسانی امداد فراہم کرنے کی تصدیق کی ہے۔ مجاہد نے غیر تصدیق شدہ ٹویٹر ہینڈل سے معلومات شیئر کی۔
طالبان ترجمان نے ٹویٹ کیا "ماسکو فارمیٹ ڈائیلاگ میٹنگ میں بھارتی ایلچی نے کہا کہ افغانستان کے لوگوں کو انسانی امداد کی ضرورت ہے، افغانستان مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے۔ بھارت افغانستان کو انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔"