حکومت میں خواتین کی شمولیت سے متعلق طالبان نے کہا کہ سکیورٹی کی وجہ سے وہ خواتین کو مشکل میں ڈالنا نہیں چاہتے ہیں اور وزارتوں کے بحال ہونے کے بعد اس کے متعلق فیصلے کئے جائیں گے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغانستان کے دارالحکومت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ''ایئرپورٹ میں موجود ہجوم واپس گھروں کو جاسکتے ہیں، ہم ان کی سکیورٹی کی ضمانت دیتے ہیں۔''
انہوں نے کہا کہ میڈیا نے کام شروع کردیا ہے اور میڈیا کی آزادی میں بہتری آرہی ہے۔
سی آئی اے کے سربراہ کی ملا عبدالغنی برادر سے کابل میں خفیہ ملاقات کے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں طالبان ترجمان نے کہا کہ ہم اس بات کی تصدیق نہیں کرسکتے لیکن امریکا کا سفارت خانہ یہاں موجود ہے اور سفارتی سطح پر ملاقاتوں کی اجازت ہے۔
طالبان کے ترجمان نے تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ اپنے سفارت خانے بند نہ کریں کیونکہ اُن کی حفاظت پر طالبان مامور ہیں، تمام سفارت خانوں کی حفاظت طالبان کی ذمہ داری ہے۔