آج یعنی 7 نومبر سے حج 2021 کے لیے آن لائن فارم بھرنے کا عمل شروع ہو گیا ہے اور اس کا سلسلہ 10 دسمبر تک جاری رہے گا۔ یکم جنوری سنہ 2021 میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ ہو گی۔
اس سلسلے میں مزید معلومات دینے کے لیے اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے پریس کانفرنس کی۔
نقوی نے کہا کہ اس بار صرف دس امبارکیشن پوائنس ہوں گے۔ ان میں حیدر آباد، لکھنو، ممبئی، دہلی، سرینگر، بنگلورو، گواہاٹی کولکاتا، کوچی اور گجرات شامل ہیں۔
اس سے قبل مجموعی طور پر 21 امبارکیشن پوائنٹس تھے اور امید تھی کہ آئندہ اس کی تعداد 22 ہو گی، لیکن کورونا وبا کے سبب اس میں کمی کر کے محض 10 کر دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بغیر کسی محرم کے سفر حج پر جانے والی خواتین کو بھی جانے کی اجازت ہو گی۔ جن خواتین نے گذشتہ برس درخواست دی تھی، انہیں اور اس بار درخواست دینے والی بغیر محرم کی خواتین کو سفر حج پر جانے کی اجازت ہو گی۔
نقوی نے مزید کہا کہ جانے سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کرانا ہو گا۔ اگر اس دوران ویکسین دستیاب ہو جاتی ہے تو، ویکسین کی سہولیات مہیا کرائی جائے گی۔