کولمبو ساحل کے قریب کنٹینر جہاز میں آگ لگنے کے بعد سری لنکا کی بحریہ کے جوانوں نے منگل کے روز دو بھارتیوں سمیت عملے کے تمام 25 اراکین کو بچانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ آگ بجھانے کا کام ابھی جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں بھارتی امدادی کارروائی کے دوران شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
انہیں کولمبو نیشنل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ فی الحال دونوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ حکام نے بتایا کہ گجرات کے ہزیرہ سے کاسمیٹکس کے لئے کیمیکلز اور دیگر خام مال کولمبو ساحل لے جانے والے ایک کنٹینر جہاز ایم وی ایکس پریس پرل میں ساحل سے 9.5 سمندری میل کے فاصلے پر آگ لگ گئی۔
بحریہ، پورٹ اتھارٹی اور میرین انوائرمینٹل سیفٹی اتھارٹی نے فوری طور پر آگ بجھانے کا کام شروع کیا اور خیال کیا جاتا ہے کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔