سعودی عرب نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ مملکت میں پہلے سے موجود مختلف ممالک کے محض 1 ہزار عازمین کو رواں برس حج کرنے کی اجازت ہوگی، کیونکہ پوری دنیا سمیت سعودی عرب بھی کورونا وائرس کے خلاف جد و جہد کر رہا ہے۔
تھائی لینڈ کے انگریزی اخبار 'بنکاک پوسٹ' کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کا بیرون ممالک کے عازمین کو حج کی فہرست سے خارج کرنا جدید سعودی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے، جو کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مایوس کن خبر ہے۔
گذشتہ برس ہونے والی پانچ روزہ حج کی سالانہ تقریب میں شریک 25 لاکھ افراد کے مقابلے رواں برس کی تعداد بہت کم ہے۔
رواں ماہ کی 31 تاریخ سے شروع ہونے والے حج کے ارکان کی ادائیگی کے لیے عازمین کا انتخاب کس طرح کیا جائے گا، اب تک مملکت نے اس کی وضاحت نہیں کی ہے۔