سمجھوتہ ایکسپریس جسے گذشتہ روز واگھہ سرحد پر روک دیا گیا تھا، آج صبح 76 بھارتی اور 41 پاکستانی شہریوں کے ساتھ پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن پہنچ گئی۔
گذشتہ روز واگھہ سرحد پر سمجھوتہ ایکسپریس کو چھوڑ کر پاکستانی ڈرائیور اور گائیڈ سکیورٹی وجوہات کا حوالہ دے کر اپنے وطن واپس لوٹ گئے تھے۔
بھارتی ڈرائیور اور گائیڈ ٹرین واگھہ سرحد سے لے کر رات میں ڈیڑھ بجے روانہ ہوئے تھے، جو صبح صبح تقریبا ساڑھے چار گھنٹہ کی تاخیر سے دہلی پہنچ گئی۔
بھارتی ریلوے کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے سمجھوتہ ایکسپریس کو رد نہیں کیا گیا ہے، بلکہ سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر پاکستانی ڈرائیور اور گائیڈ نے بھارت آنے سے منع کر دیا تھا۔
جبکہ پاکستانی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے گذشتہ روز کہا تھا کہ ان کے دور میں سمجھوتہ ایکسپریس کی سروس جاری نہیں رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جن مسافروں نے پہلے ہی ٹکٹیں بکنگ کروائی تھیں، انھیں ان کا پیسہ واپس کر دیا جائے گا۔