عراقی مشترکہ مہم کمان (جے او سی) نے جمعرات کو امریکی اتحادی فوج کے فوجی اڈے پر ہوئے راکٹ حملے میں تین اتحادی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
جے او سی نے اپنے ایک بیان میں حملے کی تصدیق کی ہے۔ عبوری وزیراعظم محمد توفیق علاوی جو عراقی فوجوں کے کمانڈر ان چیف بھی ہیں، انہوں نے حملہ آوروں کا پتہ لگانے کی بات کہی اور متاثروں کو انصاف دلانے کے لئے فورا جانچ کے احکامات دیئے ہیں۔
جے او سی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عراق میں امریکی اتحادی فوجیوں کے ساتھ حکومت کی رضامندی ہوگئی ہے اور ان کا مقصد عراقی فورسز کو ٹریننگ دینا ہے اور خصوصی طور سے اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے شدت پسندوں کے خلاف لڑنا ہے۔
جے او سی نے اس سے پہلے بدھ کے روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ التازی ائربیس پر 10 راکٹ داغے گئے تھے، جو عراق کے دارالحکومت بغداد سے 20 کلومیٹر شمال میں واقع ہے، جہاں کچھ امریکی فوجی تعینات ہیں۔ ابھی تک کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔