پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق لاہور سے کراچی آنے والی پاکستان ائیر لائن کا طیارہ ائیرپورٹ کے نزدیک گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں 107 افراد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق لینڈنگ سے ایک منٹ قبل پی آئی طیارے کا رابطہ ائیر ٹریفک کنٹرول سے منقطع ہوگیا تھا۔
سول ایوی ایشن کے ذرائع کے مطابق طیارے میں فنی خرابی ہونے کی وجہ سے اس کے پہیے نہیں کھل رہے تھے۔ اس دوران طیارے کو راؤنڈ اپ کے لیے کہا گیا تبھی جہاز گر گیا۔
ذرائع کے مطابق طیارے میں 99 مسافر اور آٹھ کریو کا عملہ سوار تھا۔ ان میں 85 مسافر اکنامی کلاس 6 بزنس جب کہ دیگر افراد عملے کے ارکان تھے۔
ذرائع کے مطابق طیارہ ماڈل کالونی اور ملیر کینٹ کے قریب جناح گارڈن کے پاس آبادی پر گر گیا، جس میں گرتے ہی زبردست آگ لگ گئی ۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے آس پاس موجود رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، کیوں کہ گرنے سے قبل ان گھروں سے طیارہ ٹکرایا تھا۔
حادثے کے بعد رینجرز اور پولیس کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کا عملہ بھی پہنچ چکا ہے۔