پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ 'پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ' کے نام سے ایک نیا اتحاد بنائیں گی جس کا مقصد عمران خان کی زیرقیادت حکومت کو اقتدار سے اتارنا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ کثیرجماعتی کانفرنس کے اجلاس میں اس کا اعلان کیا گیا۔ حزب اختلاف نے اس اقدام کو حکمران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کو 'ملک سے نجات دلانے' کے لئے ضروری قرار دیا ہے۔
پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ایف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا 'حزب اختلاف وزیراعظم عمران خان کے فوری استعفی کا مطالبہ کرتی ہے'۔
انھوں نے کہا ہے کہ 'اکتوبر سے ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا اور اس میں وکلا، تاجر، مزدور، کسان اور سول سوسائٹی کی بھی شرکت ہوگی'۔
مولانا فضل الرحمن نے بتایا ہے کہ 'اکتوبر سے شروع ہونے والے پہلے مرحلے میں سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ دوسرے مرحلے میں دسمبر میں ملک بھر میں زبردست مظاہرے ہوں گے۔ تیسرے مرحلے میں اگلے برس جنوری میں لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف بڑھے گا'۔
انہوں نے کہا ہے کہ 'منتخب حکومت کو ختم کرنے کے لئے مشترکہ طور پر تمام کوششیں کی جائے گی۔ جس میں حکومت سے عدم اتحاد اور مختلف مرکزی و ریاستی وزرا کا استعفیٰ شامل ہے'۔