پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے پیر کے روز ایک بھارتی ٹی وی اینکر اور میڈیا انڈسٹری کے ایک سابق ایگزیکیوٹیو کے مابین مبینہ ٹیکسٹ ایکسچینج کی میڈیا رپورٹس پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت پر تنقید کی ہے۔
بھارتی ٹی وی اینکر ارنب گوسوامی اور ایک ٹی وی ریٹنگ کمپنی کے سابق سربراہ پارتھو داس گپتا کے مابین مبینہ واٹس ایپ میسجز کے متعلق بھارتی میڈیا رپورٹس کے ردعمل میں عمران خان نے متواتر چار ٹویٹ کئے۔
مبینہ میسیج میں اس بات کا اظہار کیا گیا ہے کہ بھارتی اینکر کو فضائی حملے کا تین دن قبل ہی علم ہوگیا تھا، جس کے بعد پاکستان کے وزیر اعظم نے بھارتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ٹویٹ کئے۔ حالانکہ اس میسیج یا اس جانکاری میں کتنی حقیقت ہے اس کا انکشاف ہونا ابھی باقی ہے۔
عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ سب کچھ محض انتخابات جیتنے کے لئے کیا گیا ہے۔ عمران خاں نے ٹویٹ کیا کہ ''2019 میں جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں، میں نے بتایا کہ سفاک مودی سرکار نے بالاکوٹ بحران کو کیسے اپنی انتخابی فتح کیلئے استعمال کیا۔ اب اپنی سیاہ کاریوں کےحوالے سےمشہور بھارتی صحافی کی تازہ ترین خط و کتابت (کمیونیکیشن) سےمودی سرکار اور بھارتی میڈیا کے مابین ناپاک گٹھ جوڑ بےنقاب ہوا ہے۔ جس کے نتیجے میں خطے کو عدم استحکام کی آگ میں جھونکنے والے نتائج سے بےنیاز ہوکر محض انتخابی فتح کیلئے خطرناک ترین عسکری حماقت کاسہارا لیا گیا۔ بالاکوٹ پر نہایت ذمہ دارانہ اور نپے تلے ردعمل سے پاکستان نے بڑا بحران ٹالا۔ اس کے باوجود مودی سرکار بھارت کو ایک بدمعاش ریاست میں بدلنے پر لگی ہوئی ہے۔''