ڈان نیوز کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔کانفرنس میں عالمی،علاقائی،داخلی سکیورٹی کی صورتحال سمیت افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر غور کیا گیا۔
کانفرنس میں پاک افغان بارڈر کی صورتحال،احتیاطی اقدامات پربھی گفتگو کی گئی۔آرمی چیف نے مؤثر بارڈر مینجمنٹ نظام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا بارڈر مینجمنٹ سے نقل و حرکت اور داخلی سکیورٹی صورتحال کنٹرول میں ہے۔
آرمی چیف نے افغانستان سے غیر ملکی عملے کے انخلا میں فوج کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لئے کوشاں ہے۔
اس موقع پر آرمی چیف نے تمام فارمیشنز کی پرامن محرم کے لئے کوششوں کوسراہتے ہوئے روایتی،غیرروایتی خطرات سے نمٹنے کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے روایتی،غیرروایتی خطرات سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پاکستان میں امن تباہ کرنے کی سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنادیں گے۔
دریں اثنا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جنگ زدہ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے بین الاقوامی برادری کی جانب سے تعمیری روابط اور انسانی امداد ضروری ہے۔