پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو افغانستان کے وزیر عظم ملا محمد حسن اخوند سے ملاقات کی۔ گزشتہ 15 اگست کو افغانستان پر طالبان کے قبضہ کرنے کے بعد شاہ محمود قریشی کا یہ کابل کا پہلا دورہ ہے۔
افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے ٹوئٹر پر کہا کہ "افغانستان کے وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند نے ارگ میں صدارتی دفتر میں پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا استقبال کیا۔ بعد ازاں انہوں نے طالبان کے وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند کی قیادت میں افغان فریق کے ساتھ وفد کی سطح پر مذاکرات کیے۔
افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے کہا کہ اہم افغان وزراء کی موجودگی میں عوام سے عوام کے رابطے، تجارت، راہداری اور دونوں برادرانہ ممالک کے درمیان رابطے کو سہل بنانے کے لیے دوطرفہ مذاکرات ہو رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ رواں سال 15 اگست کو طالبان کے کابل کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد یہ کسی بھی پاکستانی وزیر کا پہلا دورہ افغانستان ہے۔اس سے قبل پاکستان کی اہم خفیہ ایجنسی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ستمبر کے اوائل میں کابل کا دورہ کیا تھا۔
اس سے قبل وزارت اطلاعات و ثقافت کے نائب وزیر ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ جناب قریشی اور ان کا وفد امارت اسلامیہ افغانستان کے حکام کے ساتھ دو طرفہ روابط، تجارت اور سرحد پار کے مسائل سمیت مختلف امور پر بات چیت کرے گا۔