معروف عالم دین، خطیب اور مشہور عالمی مبلغ مولانا طارق جمیل بھی عالمی وبا کورنا وائرس (کووڈ۔19) سے متاثر ہوگئے ہیں جنہیں کورونا مثبت ہوا ہے۔
مولانا طارق جمیل اس وقت راولپنڈی کے سی ایم ایچ اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
اس ضمن میں پاکستان کے وزیراعظم عمران حان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'کووڈ 19 سے مولانا طارق جمیل کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لئے دعا کریں'۔
مولانا کی جانب سے جاری کیے گئے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ کچھ روز سے طبیعت ناساز تھی، ٹیسٹ کروانے پر کورونا مثبت آیا ہے۔
انہوں نے عوام سے صحتیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا طارق جمیل کو کراچی میں قیام کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جہاں انہیں فوری طور پر آغا خان اسپتال لے جایا گیا۔ تاہم بعد میں انہیں راولپنڈی کے کمانڈ ملٹری اسپتال لایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
- مکمل صحتیابی کے لئے دعا کی درخواست:
ان کے صاحبزادے کے مطابق مولانا کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے، انھوں نے تمام احباب اور ان سے محبت کرنے والوں سے مولانا کی جلد اور مکمل صحتیابی کیلئے دعا کی درخواست کی ہے۔
دریں اثنا اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ انہیں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ 'السلام وعلیکم، میری کئی روز سے طبیعت ناساز تھی جس پر ڈاکٹر نے کورونا ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دیا، ٹیسٹ کروانے پر کورونا پازیٹیو آیا، ڈاکٹرز کے مشورے سے اسپتال میں شریک ہو گیا ہوں، تمام محبین سے خصوصی دعاؤں کی درخواست ہے'۔
- مولانا طارق جمیل کی مقبولیت:
مولانا طارق جمیل کو دنیا بھر کے مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر میں مقبولیت حاصل ہے۔ ان کے خطبات میں بلاشبہ لاکھوں لوگ شریک ہوتے ہیں جو پاکستان کے سب سے مشہور مبلغین میں سے ایک ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستانی کپتان کی مولانا طارق جمیل سے ملاقات
وہ تبلیغی جماعت کے گروپ سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے خطبات میں خود کو پاکیزہ، تشدد سے بچنے، اللہ کے احکامات کی پابندی اور حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ پر عمل کرنے کی جانب بار بار توجہ دی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ 'دی مسلم 500' نامی سروے 2021 کے ایڈیشن میں مولانا طارق جمیل کو بہت ہی متاثر کن اور بااثر شخصیت قرار دیا گیا ہے۔