ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف وینزویلا کے دورے پر دارالحکومت کراکس پہنچ گئے،جہاں ان کے ہم منصب نے استقبال کیا۔
ان کے دورے سے قبل کراکس حکام کا کہنا تھا کہ جواد ظریف کی آمد سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔
وینزویلا کے صدر نکولس مدورو، ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور دیگر وزرا محو گفتگو وینزویلا کے صدر نکولس مدورو نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہےکہ 'مجھے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے دورے پر خوشی ہوئی'۔
نکولس مدورو نے کہا ہے کہ 'یہ ایک ایسا دورہ ہے جو ایران اور وینزویلا کے مابین تعاون اور یکجہتی کے اسٹریٹجک تعلقات کی غیر متزلزل روح کی توثیق کرتا ہے'۔
وینزویلا کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے خطروں اور حملوں کے سامنے بہادری اور یکجہتی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔
ایرانی وزیر خارجہ لاطینی امریکہ کے تین ممالک کیوبا، بولیویا اور وینزویلا کے دورے کے پہلے مرحلے میں کراکس پہنچے ہیں۔