طالبان نے افغانستان پر قبضہ کے ساتھ ہی بگرام کے سابق امریکی اڈے پر واقع افغانستان کی مرکزی فوجی جیل پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔ بگرام قید خانہ ایک ایسی جیل ہے، جس کا موازنہ گونتاناموبے سے کیا جاتا رہا ہے، جہاں ٹرائل کے بغیر حراست میں رکھا جاتا تھا اور ملزموں پر ہر طرح سے ظلم کیا جاتا تھا تاکہ وہ گناہ قبول کرلیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کے مطابق طالبان نے کابل پر قبضہ کرنے کے چند گھنٹوں بعد ہی قیدیوں کو بگرام حراستی مرکز سے نکلنے کے احکامات جاری کر دیئے اور پھر بھی جو لوگ خود وہاں سے نہیں نکلے تو انہیں طالبان نے رہا کردیا۔
اسکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ان قیدیوں میں سیکڑوں قیدیوں پر شبہ ہے کہ ان کا تعلق دولت اسلامیہ گروپ افغانستان سے ہے۔ اب اس خالی حراستی مرکز میں چاروں جانب سے جال سے گھرے کمرے میں میٹرس دکھائی دے رہا ہے، لوگوں کے سامان فرش پر بکھرے ہوئے ہیں، ٹوٹے ہوئے فرنیچر اور قیدیوں کی فائلیں بھی بکھری ہوئی ہیں۔