امریکی صدارتی انتخابات 2020 میں ڈیموکریٹک امیدوار جوزف بائیڈن صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ناقابل شکست برتری حاصل کر کے عملاً امریکہ کے 46 ویں صدر منتخب ہوگئے۔
بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے نو منتخب صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 'جوزف آر بائیڈن کے ریاستہائے متحدہ امریکہ کے صدر اور کملا ہیرس کے نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش ہے'۔
انہوں نے کہا ہے کہ 'ایک کامیاب دور اور بھارت ۔ امریکہ کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ہم ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں'۔
بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ 'جو بائیڈن کی شاندار فتح پر مبارکباد! سابقہ دور میں بطور نائب صدر کے بھارت اور امریکہ کے تعلقات کو مستحکم کرنے میں آپ کا تعاون اہم اور انمول رہا'۔
مودی نے کہا ہے کہ 'اب میں بھارت ۔ امریکہ تعلقات کو مزید اونچائی پر لے جانے کے لئے ایک بار پھر مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں'۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کملا ہیرس کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 'آپ کو دلی مبارکباد! آپ کی کامیابی نہ صرف آپ کے لیے بلکہ تمام بھارتی نژاد امریکیوں کے لئے بھی بہت فخر کی بات ہے'۔
انہوں نے کہا ہے کہ 'مجھے یقین ہے کہ بھارت ۔ امریکہ تعلقات آپ کی حمایت اور قیادت سے مزید مضبوط ہوں گے'۔