بھارت، پاکستان اور چین نے 2020 میں اپنے جوہری ہتھیاروں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔ حالانکہ عالمی جوہری ذخیرے میں معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔ اسلحہ کی تجارت سے متعلق معروف عالمی نگران اور تھنک ٹینک ایس آئی پی آر آئی (اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ) کی ایک تازہ ترین رپورٹ نے اس بات کا خلاصہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت نے اپنے جوہری ذخیرے کو 2020 میں 150 سے بڑھا کر جنوری 2021 میں 156 کردیا جبکہ چین نے اسی عرصے میں اس کی تعداد 320 سے بڑھا کر 350 اور پاکستان نے 160 سے بڑھا کر 165 کردیا ہے۔ ان تینوں ممالک نے مل کر پچھلے سال 41 ایٹمی ہتھیاروں کو بڑھایا ہے۔
بھارت اور پاکستان کے مابین 24 فروری 2021 سے لائن آف کنٹرول (کنٹرول لائن) پر جنگ بندی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ جبکہ کنٹرول لائن پر 28 جنوری تک جنگ بندی کی 299 بار خلاف ورزی ہوچکی ہیں۔ اسی طرح 2020 میں 5،133 بار ، 2019 میں 3،168 بار جبکہ 2018 میں 1،629 بار لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوئی تھی۔
دوسری جانب اپریل سے مئی 2021 کے درمیان بھارتی اور چینی فوج کے درمیان لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) پر کچھ تنازع ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں دونوں طرف تقریباً 1،00،000 فوجیوں کو مختلف آلات کے ساتھ تعینات کیا گیا ہے۔