بھارت اور جنوبی کوریا نے دفاعی شعبے میں تعلقات کو مزید تقویت دینے کے ایک حصے کے طور پر دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے مابین تعاون بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جنوبی کوریا کے اپنے ہم منصب جونگ کیونگ ڈو سے ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران دفاعی صنعت اور دفاعی ٹکنالوجی کے میدان میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
وزارت دفاع نے آج اس سلسلے میں ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے 'دونوں ممالک کے وزرائے دفاع نے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا'۔
مسٹر راجناتھ سنگھ نے اپنے کوریائی ہم منصب کو کورونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والے عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی کوششوں میں بھارت کی شراکت سے مطلع کیا اور اس سلسلے میں باہمی تعاون کے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزرائے دفاع نے اس عالمی وبا سے پیدا ہونے والے پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق ظاہر کیا۔ انہوں نے علاقائی ترقی اور مشترکہ مفادات کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔