آسٹریلیا کی حکومت نے پیر کو کورونا پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یکم دسمبر سے مکمل ویکسین شدہ ویزا ہولڈرز آسٹریلیا کا سفر کر سکیں گے اور اس کے لیے انہیں سفر سے متعلق کوئی بھی معلومات پہلے سے رکھنی ہوں گی۔ استثنیٰ کے لیے درخواست دینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
آسٹریلوی حکومت کا یہ اعلان محنت کشوں اور طلباء کے لیے ایک بڑی راحت ہے۔ اس کے تحت مسافروں کو آسٹریلیا کی میڈیکل گڈز ایڈمنسٹریشن ( ٹی جی اے ) کے ذریعہ منظور شدہ یا تسلیم شدہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے کی ضرورت ہوگی۔ اہل ویزا ہولڈرز میں لیبرز، طلباء، ورکنگ ہالیڈے ویزا ہولڈرز، فیملی ویزا ہولڈرز وغیرہ شامل ہوں گے۔
آسٹریلوی وزیراعظم موریسن نے کہا کہ یہ تبدیلیاں اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ "ہم خاندانوں کو دوبارہ ملاتے ہوئے آسٹریلیائی باشندوں کی صحت کا تحفظ جاری رکھیں گے اور اپنی سرحد کو ہنر مند اور طالب علم ویزا رکھنے والوں کے لیے کھول کر اپنی معاشی بحالی کو محفوظ بنائیں گے"۔
موریسن نے کہا، "آسٹریلیا میں ہنر مند کارکنوں اور بین الاقوامی طلباء کی واپسی ہماری معاشی بحالی کو مزید تقویت دے گی، ہماری معیشت کو درکار قیمتی کارکن فراہم کرے گی اور ہمارے اہم تعلیمی شعبے کو سپورٹ کرے گی۔"