افغانستان میں اقوام متحدہ کے قافلے پر حملہ ہوا جس میں پانچ افغان سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔
مشن 'یوناما' نے تصدیق کی ہے کہ 'اس حملے میں اقوام متحدہ کا کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا ہے۔ حملہ دارالحکومت کابل سے باہر سوروبی علاقے میں ہوا ہے'۔
'یوناما' نے 'ٹویٹر' پر لکھا ہے کہ 'افغانستان میں کابل کے علاقے سوروبی میں ہونے والے حملے میں افغانستان پروٹیکشن سروس ڈائریکٹوریٹ کے پانچ اہلکاروں کی ہلاکت پر اقوام متحدہ کو افسوس ہے'۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس حملے میں اقوام متحدہ کا کوئی بھی ملازم زخمی یا ان کی گاڑی متاثر نہیں ہوئی ہے۔ افغان پروٹیکشن سروس ڈائریکٹوریٹ کی ایک گاڑی سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے تباہ ہوگئی اور اس پر سوار پانچ اہلکار ہلاک ہوگئے۔
افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی رمیز اکبر روف نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ افغانستان میں تشدد ختم ہونا ضروری ہے۔