پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں کووڈ 19 کی صورتحال کی بہتری کے سبب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے باضابطہ بین الاقوامی فضائی سفر کو معمول پر لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد برطانیہ، یورپ، کینیڈا، چین اور ملائشیا سے براہ راست پروازیں 40 فیصد تک بڑھ جائیں گی۔
ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق این سی او سی کے ایک دستاویز کے مطابق یکم جولائی سے برطانیہ، یورپ، کینیڈا، چین اور ملائشیا سے براہ راست پروازیں جو معمول کی 20 فیصد پر تھیں، کو بڑھا کر 40 فیصد کردیا جائے گا۔
اس میں کہا گیا ہے کہ بورڈنگ سے قبل اور پہنچنے کے بعد ممالک کی تمام کیٹیگریز کے لیے موجودہ ٹیسٹنگ پروٹوکول ایک جیسے ہی رہیں گے، تاہم منفی ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ (آر اے ٹی) کے کیسز کے لیے گھر میں قرنطینہ کی ضرورت ختم کردی گئی ہے جبکہ مثبت جانچ پڑتال کرنے والوں کو طریقہ کار کے مطابق قرنطینہ سے گزرنا پڑے گا۔
وزارت قومی صحت سروسز (این ایچ ایس) کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان نے کووڈ 19 سے نمٹنے کے لیے گزشتہ سال اکتوبر میں تین کیٹیگریز اے، بی اور سی متعارف کروائی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اے کیٹیگری میں شامل ممالک کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ سے استثنیٰ ہے، کیٹیگری بی میں شامل ممالک کو سفر سے 72 گھنٹے پہلے کیے گئے پی سی آر ٹیسٹ کے منفی نتائج کی ضرورت ہے، جبکہ کیٹیگری سی کے ممالک سے آنے والے افراد کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور انہیں این سی او سی کی گائیڈلائنز کے تحت ہی اجازت دی جاتی ہے'۔ عہدیدار نے مزید بتایا کہ اس وقت بھارت، انڈونیشیا، ایران، عراق، سری لنکا، جنوبی افریقہ اور برازیل سمیت 38 ممالک 'سی' کیٹیگری میں ہیں جبکہ دیگر کو 'بی' کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔