سعودی عرب میں اب ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے کے 8 ماہ بعد بوسٹر شاٹ لازمی ہو جائے گی۔ سعودی میڈیا کے مطابق ہر شہری کو ایک مقامی ایپلیکیشن کے ذریعے اپنے ویکسینیڈڈ (امیون اسٹیٹس) ہونے کی تصدیق کرنا ہوگی جس کے بعد وہ کسی بھی سماجی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی، سائنسی، تفریحی یا کھیلوں کی تقریب میں شرکت کرسکتا ہے۔
دوسری جانب عالمی سطح پر اومیکرون وائرس کے پھیلاؤ کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ ہندوستان، اسپین، فن لینڈ اور یونان میں بھی پہلے کیسز کی تصدیق ہو گئی، نئے ویرینٹ کو روکنے کے لئے ممالک نے پابندیاں سخت کردیں۔
اسپین ، فن لینڈ اور یونان میں بھی اومیکرون کے پہلے کیسز سامنے آ گئے، امریکی ریاست منی سوٹا میں بھی نئے ویرینٹ کا دوسرا کیس منظر عام پر آگیا، انگلینڈ میں ایسے شخص میں اومیکرون کا ٹیسٹ مثبت آیا جس نے حال میں کسی بیرونی ملک سفر نہیں کیا تھا۔
یوروپی یونین کے محکمہ صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگلے چند ماہ میں اومیکرون ویرینٹ یوروپ کے آدھے سے زائد کیسز کا باعث بنے گا۔وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے جرمنی نے غیر ویکسین شدہ افراد کے لئے لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔