بھارت میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے اور ملک میں مجموعی طور پر کورونا وائرس کے ایک سو سے زیادہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اس کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1397 ہو گئی ہے جبکہ تین اور مریضوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 35 ہو گئی ہے ۔
وزارت صحت نے منگل کو بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کے 1397 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔
اس عالمی وبا کے مرکز چین میں اب تک 81ہزار518 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق اور 3305 افراد کی اس وائرس کی زد میں آنے کے بعد موت ہو چکی ہے۔ اس وائرس کے حوالہ سے تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہونے والی اموات میں 80 فیصد کیسز 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے تھے۔
کورونا وائرس کے حوالہ سے سب سے زیادہ سنگین صورتحال اٹلی اور سپین میں ہے۔ عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ -19) سے بری طرح متاثر اٹلی میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 12 ہزار کا ہندسہ پار کر گئی ہے اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 12428 ہوگئی ہے۔