عالمی وبا کورونا وائرس (كووڈ 19) کاپھیلاؤ دن بہ دن بڑھتا ہی جا رہا ہے اور دنیا بھر میں اس سے متاثرین کی تعداد 54 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور اب تک 3.45 لاکھ سے زیادہ لوگ موت کی آغوش میں سما چکے ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں مجموعی متاثرین کی تعداد 54،06،537 ہوگئی جبکہ 3،45،036 افراد کی اس بیماری سے موت ہو چکی ہے۔
دنیا بھر میں سب سے زیادہ متاثر ممالک میں پہلے مقام پرامریکہ کے بعد اب برازیل دوسرے نمبر پر ہے جبکہ روس تیسرے نمبر پر ہے۔
بھارت میں بھی کورونا وائرس کے حالات دن بہ دن سنگین ہوتے جارہے ہیں اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں متاثرین کی تعداد میں تقریبا سات ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔ مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے پیر کو جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس کے انفیکشن سے اب تک 1،38،845 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 4021 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 57،721 افراد اس بیماری سے نجات پا چکے ہیں۔
امریکہ میں کورونا وائرس کے متاثرین کے اعداد و شمار 16 لاکھ سے زیادہ ہو چکا ہے جبکہ اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 97 ہزار کو پار کر چکی ہے۔ دنیا کی سپر پاور مانے جانے والے امریکہ میں متاثرین کی مجموعی تعداد مسلسل بڑھتے ہوئے 16،43،098 جبکہ 97،711 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔
اس دوران برازیل میں بھی کورونا وائرس نے بھیانک شکل اختیار کر لیا ہے اور اب یہ انفیکشن کے سب سے زیادہ کیسز میں دنیا کا دوسرا ملک ہے۔ برازیل میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 3،63،211 ہو گئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس بیماری سے 653 افراد کی موت کے بعد ملک میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 22،666 ہو گئی ہے۔
روس میں بھی كووڈ -19 کے کیسز بڑھتے جارہے ہیں، اور یہ اس کے انفیکشن سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔ یہاں اب تک 3،44،481 لوگ اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 3541 اموات ہو چکی ہے۔