سینکڑوں پاکستانی تارکین وطن مزدوروں نے بدھ کے روز اسلام آباد میں ریلی نکالی۔ اس دوران مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ انہیں فائزر یا آسٹرا زینیکا کے ٹیکے جلد از جلد لگائے جائیں تاکہ وہ بیرون ملک سفر کرسکیں۔
مظاہرین اس ہفتے کے اوائل میں پاکستان کے مختلف حصوں سے دارالحکومت کووڈ کے ٹیکے لگانے پہنچے تھے لیکن جب انہیں بتایا گیا کہ ان کے لئے مخصوص ویکسین کا انتظام نہیں کیا گیا ہے تو انہوں نے ویکسی نیشن مرکز کے باہر ایک اہم سڑک کو جام کر دیا۔
اس احتجاج کے دو روز قبل بھی اسی ویکسی نیشن مرکز پر ناراض پاکستانی طارکین وطن نے پتھراؤ کیا تھا اور سینٹر کی کھڑکیوں اور دروازے کو نقصان پہنچایا تھا۔ یہ تارکین وطن مزدور زیادہ تر قطر، سعودی عرب، اور متحدہ عرب امارات جیسے خلیجی ممالک میں کام کرتے ہیں۔
پاکستان بنیادی طور پر چینی ویکسینوں پر انحصار کرتا ہے لیکن کچھ خلیجی ممالک جیسے سعودی عرب مسافروں سے فائزر اور آسٹر زینیکا جیسی مخصوص ویکسین لینے کی سرٹیفکٹ کا مطالبہ کررہے ہیں۔