قدرتی خزانوں سے مالا مال مسلم ملک افغانستان پر بڑی طاقتوں نے ہمیشہ سے ہی قبضہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ لیکن کوئی بھی بڑی طاقت اپنی بھرپور کوششوں کے باوجود افغانستان پر قبضہ نہیں کرپائی ہے، قبضہ تو درکنار بڑی طاقتوں نے اسی کوشش میں خود کو تباہ کرلیا ہے۔ جس کی زندہ مثال سوویت یونین ہے اور اب امریکہ کا بھی یہی کچھ حال ہے۔
ایک لمبے عرصہ سے امریکہ پر یہ دباؤ تھا کہ اس کی فوجوں کو افغانستان چھوڑ دینا چاہیے، امریکی عوام بھی اپنے محبوب فوجیوں کی ہلاکت پر نوحہ کناں تھی۔ اب امریکہ اور ناٹو افواج نے مل کر یہ طے کیا ہے کہ وہ کچھ عرصہ میں افغانستان کو چھوڑ دیں گے، شروعات کے طور پرامریکہ آئندہ 20 دنوں کے اندر افغانستان کا بگرام ایئر بیس افغان فورسز کے حوالہ کرنا شروع کر دے گا، جس کی تصدیق ایک امریکی عہدے دار نے کردی ہے۔