افغانستان کے دارالحکومت کابل کے نزدیک بگرام کی جیل سے پہلے 100 اور اب 900 طالبان قیدیوں کی رہائی کی گئی۔ رواں برس کے اوائل میں امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت فریقین کے قیدیوں کی رہائی بات کہی گئی تھی۔
افغان حکومت کی جانب سے طالبان قیدیوں کی بڑے پیمانے پر رہائی کا اعلان طالبان کے ساتھ تین روزہ فائر بندی کے خاتمے کے بعد سامنے آیا۔
افغانستان نیشنل سیکوریٹی کے ترجمان جاوید فیصل نے کہا کہ افغانستان صدر کی طرف سے جاری کردہ ایک فرمان کے مطابق عید سے قبل ایک ہزار طالبان قیدیوں کو رہا کیا گیا۔ کل بگرام سے 100 قیدیوں کو رہا کیا گیا اور آج 900 دیگر آقیدیوں کی رہائی ہوئی ہے۔ رہا ہونے والے قیدیوں کی مجموعی تعداد دو ہزار ہو گی۔
رہائی پانے والے طالبان قیدی محمد رسول نے بتایا کہ 'فی الحال میں باہر کی صورتحال سے واقف نہیں ہوں۔ یہ پہلا موقع ہے جب میں آزادی کی تازہ ہوا میں سانس لے رہا ہوں۔ لہذا مجھے نہیں معلوم کہ باہر کیا ہو رہا ہے۔ مجھے جاکر دیکھنا ہے کہ کیا ہو رہا ہے پھر میں فیصلہ کروں گا کہ حالات کے مطابق کیا کرنا ہے'۔