اردو

urdu

ETV Bharat / international

دنیا کی سب سے بڑی گوشت کمپنی نے ہیکرز کو بٹ کوائن میں تاوان ادا کیا - ransom in bitcoin in brazil

کمپنی نے حملے سے متعلق کسی غیر متوقع مسائل کو روکنے اور ڈیٹا باہر نہیں جانے کو یقینی بنانے کے لیے یہ تاوان دیا۔

bitcoin
bitcoin

By

Published : Jun 10, 2021, 10:21 PM IST

ایک بڑے سائبر حملے میں دنیا کی سب سے بڑی گوشت کمپنی کو حملے کے نتیجے میں ایک کروڑ ڈالر سے زیادہ کا تاوان بٹ کوائن میں ادا کرنا پڑا ہے۔ اس حملے کی وجہ سے گوشت کی فراہمی بند ہوگئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی گوشت فراہم کرنے والی برازیلی جے بی ایس کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ کمپنی پر سائبر حملے کے بعد انھوں نے ہیکرز کو بٹ کوائن میں 11 ملین ڈالر کا تاوان ادا کیا ہے۔

جے بی ایس امریکہ نے بدھ کو کہا کہ کریمینل ہیکرز کو تاوان کی ادائیگی اس وقت کی گئی جب کمپنی کی اکثر فیکٹریوں نے آن لائن کام شروع کر دیا تھا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جے بی ایس امریکہ ڈویژن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آندرے نوگویرا نے کہا ہے کہ کمپنی نے حملے سے متعلق کسی غیر متوقع مسائل کو روکنے اور ڈیٹا باہر نہیں جانے کو یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا۔

آندرے نوگویرا نے وال اسٹریٹ جرنل کو انٹرویو میں کہا کہ مجرموں کو رقم کی ادائیگی بہت تکلیف دہ تھی، لیکن ہم نے اپنے صارفین کے حق میں یہ قدم اٹھایا، رقم تب ادا کی گئی جب کمپنی کے اکثر پلانٹس نے دوبارہ کام شروع کر دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تاوان اس لیے ادا کیا گیا تاکہ جے بی ایس کے گوشت پلانٹس کو مزید خلل سے بچایا جا سکے، اور ریسٹورنٹس، گروسری اسٹورز اور کسانوں پر مرتب ہونے والے اثرات کو محدود کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ جے بی ایس فروخت کے لحاظ سے گوشت فراہم کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے، اور یہ آسٹریلیا سے لے کر جنوبی امریکہ اور یورپ تک گوشت سپلائی کرتی ہے، امریکہ میں یہ سب سے بڑا بیف پروسیسر، اور چکن اور پورک میں سرفہرست سپلائر ہے۔

سائبر اٹیک سے شمالی امریکا اور آسٹریلیا میں کمپنی کے آئی ٹی سپورٹنگ سسٹمز متاثر ہوئے تھے، امریکی حکومت نے اس ransomware (نقصان دہ سافٹ ویئر کے ذریعے تاوان کی وصولی) کے لیے مجرموں کے ایک گروہ REvil کو ذمہ دار قرار دیا ہے، جس کے بارے میں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اس کا تعلق روس یا مشرقی یورپ سے ہے۔

واضح رہے کہ جے بی ایس پر یہ حملہ تاوانی سافٹ ویئر کے ذریعے ہونے والے حملوں کا حصہ تھا، جن میں کمپنیوں کو ان کے آپریٹنگ سسٹم پر دوبارہ کنٹرول دینے کے لیے لاکھوں ڈالرز کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا۔ گزشتہ ماہ مئی میں ہیکرز نے امریکہ میں ایسٹ کوسٹ میں ایک گیس کمپنی کی پائپ لائن بند کر دی تھی، جسے اپنے آپریشنز اور سروس پر کنٹرول واپس حاصل کرنے کے لیے ہیکرز کو بٹ کوائن میں 44 لاکھ ڈالرز ادا کرنے پڑے تھے، جن میں سے 23 لاکھ ڈالرز مالیت کی کرپٹو کرنسی کی تاوانی رقم ایف بی آئی نے ایک ورچوئل کرنسی ویلٹ سے واپس ضبط کر لی تھی۔

یہ حملے بتاتے ہیں کہ سائبر مجرموں نے اپنے اہداف بدل دیے ہیں، پہلے وہ ڈیٹا سے مالا مال کمپنیوں جیسا کہ ری ٹیلرز، بینکس اور انشوررز کو نشانہ بناتے تھے، لیکن اب ان کا ہدف اہم سروس فراہم کرنے والے ادارے بن گئے جیسا کہ اسپتال، ٹرانسپورٹ آپریٹرز اور فوڈ کمپنیاں۔

(یو این آئی)

ABOUT THE AUTHOR

...view details