افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کرنے اور امریکی انخلاء مکمل ہونے کے بعد امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ افغانستان میں ہماری جنگ اختتام پذیر ہوچکی ہے، اب طالبان کا امتحان ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکہ، طالبان امن معاہدے کے لیے مذاکرات کرنے والے زلمے خلیل زاد نے اپنے بیان میں کہا کہ اب طالبان کا امتحان ہے کہ کیا وہ اپنے ملک کو ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل کی طرف لے جا سکتے ہیں جہاں ان کے تمام شہریوں، مرد خواتین کو اپنی صلاحیت تک پہنچنے کا موقع ملے۔
انہوں نے کہا کہ کیا افغانستان اپنی متنوع ثقافتوں، تاریخ اور روایات کی خوبصورتی اور طاقت کو دنیا کے سامنے پیش کر سکتا ہے؟
ایک ٹوiٹ میں زلمے خلیل زاد نے کہا کہ اس طویل جنگ نے امریکیوں اور افغانوں کو کئی اچھے برے طریقے سے متاثر کیا۔ انہوں نے لکھا افغانستان کے مشہور بیٹے (جلال الدین) رومی نے کہا تھا کہ ’یہ آپ کا راستہ ہے، صرف آپ کا، دوسرے آپ کے ساتھ چل سکتے ہیں لیکن کوئی بھی آپ کے لیے نہیں چل سکتا‘۔ انہوں نے کہا کہ افغان اور امریکی اپنے اپنے راستے پر ساتھ ساتھ چلتے رہیں گے۔
زلمے خلیل زاد نے کہا کہ افغانستان میں ہماری جنگ اختتام پذیر ہوچکی ہے، ہمارے بہادر سپاہیوں، سیلرز، بحری اور فضائی افواج کے اہلکاروں نے امتیاز اور قربانی کے ساتھ آخری دم تک خدمات انجام دیں، ان کے لیے ہمارا شکریہ اور احترام ہے۔
امریکی نمائندے نے کہا کہ ہماری افواج اور ہمارے ساتھ کھڑے بہت سے شراکت داروں کے روانہ ہونے کے ساتھ افغانوں کے لیے فیصلے اور موقع کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان (افغانوں) کے ملک کا مستقبل ان کے ہاتھ میں ہے، وہ مکمل خودمختاری کے ساتھ اپنا راستہ منتخب کریں گے اور یہ ان کی جنگ کو بھی ختم کرنے کا موقع ہے۔