امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کو سخت الفاظ میں دھمکی دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے اپنی 'حدود سے تجاوز' کی تو اس کی معیشت مکمل طور پر تباہ اور تہس نہس کردی جائے گی۔
وائٹ ہاؤس نے اتوار کی شب ایک بیان میں شام سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا اعلان کیا تھا لیکن اس کے فوری بعد امریکہ کی دونوں جماعتوں ری پبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان نے اس فیصلے کی مذمت کی ہے اور اس خدشے کے اظہار کیا ہے کہ اس کے بعد ترکی امریکہ کی ایک طویل عرصے سے اتحادی کرد فورسز کے خلاف حملہ آور ہوسکے گا۔
صدر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں سخت الفاظ میں دھمکی دی ہے: 'میں پہلے بھی سخت الفاظ میں یہ بات کہہ چکا ہوں اور اس کا پھر اعادہ کرتا ہوں کہ اگر ترکی کوئی ایسا اقدام کرتا ہے جس کو میں نے اپنی عظیم اور بے مثال دانش کی روشنی میں حد سے متجاوز کیا تو پھر میں اس کی معیشت کو مکمل طور پر تباہ اور تہس نہس کردوں گا(اور یہ کام میں پہلے بھی کرچکا ہوں)۔'