وائٹ ہاؤس نے جمعہ کے روز کہا کہ امریکہ کووڈ-19 بحران پر قابو پانے میں بھارت کی مدد کرنے کے لیے اس کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے پریس سکریٹری جین ساکی نے اپنی روزانہ پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکہ عالمی وبا سے متاثر بھارت کے لوگوں کے تئیں ہمدردی رکھتا ہے اور اس بحران سے نمٹنے میں مدد کرنے کے لیے سیاسی اور ماہرین کی سطح پر بھارتی عہدیداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ میں وبا کے متعلق اعلیٰ طبی مشیر ڈاکٹر انتھونی فاؤسی نے کہا کہ امریکہ وبا سے نمٹنے میں بھارت کی مدد کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور امریکہ کا بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام مرکز تکنیکی مدد مہیا کرانے کے لیے بھارت میں متعلقہ ایجنسی کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
اس دوران مختلف امریکی قانون سازوں نے بھارت میں کووڈ-19 کے معاملات میں غیر معمولی اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور بائیڈن انتظامیہ سے بھارت کو ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔
ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ایڈورڈ مارکی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہمارے پاس ضرورت مند لوگوں کی مدد کے لئے تمام وسائل موجود ہیں اور یہ ہماری اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ایک ہی دن میں دنیا میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے انفیکشن کے معاملے سامنے آئے ہیں۔
مارکی نے کہا کہ یوم ارتھ زمین اور ہر ایک کی بہتری کے لیے ہے۔ امریکہ کے پاس زیادہ ویکسین ہے لیکن ہم اسے بھارت جیسے ممالک کو فراہم کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔