وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی فورسز شمالی شام میں ترکی کے فوجی آپریشن میں ہرگز شریک نہیں ہوں گی اور نہ اس کارروائی کو سپورٹ کریں گی۔
یہ موقف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے ترک ہم منصب رجب طیب اردغان کے درمیان ٹیلفونک رابطے کے بعد جاری بیان میں سامنے آیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے پریس سکریٹری کا کہنا ہے کہ امریکی فورسز آج کے بعد ترکی کی سرحد کے نزدیک تعینات نہیں ہوں گی، انہوں نے کہا کہ امریکہ کو اپنے کرد حلیفوں کے انجام کے حوالے سے تشویش لاحق ہے۔
اس سے قبل ترکی کے ایوان صدارت کی جانب ایک اعلان میں بتایا گیا کہ صدر اردغان نے امریکی ہم منصب ٹرمپ کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ اس دوران دونوں شخصیات نے آئندہ ماہ واشنگٹن میں ملاقات پر اتفاق رائے ظاہر کیا۔