اقوام متحدہ سلامتی کونسل نے ایک قرارداد منظور کرکے تمام ممالک سے عالمی جنگ بندی نافذ کرنے کی اپیل کی ہے۔ ایسا کورونا وائرس کے خلاف جاری لڑائی پر توجہ مرکوز کرنے کے تحت کیا گیا ہے۔ یہ جانکاری اقوام متحدہ کے سفارتی ذرائع نے بدھ کے روز دی ہے۔
قرارداد کے مطابق سلامتی کونسل نے دنیا بھر میں مسلح تنازعہ سے منسلک تمام فریقوں سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری طور پر کم ازکم 90 دنوں کے لئے عالمی جنگ بندی نافذ کرنے کی اپیل کی ہے۔ سلامتی کونسل نے کہا کہ اس مشکل وقت میں کوویڈ 19 کے خلاف جاری لڑائی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
اس قرارداد میں واضح طور پر ذکر کیا گیا ہے کہ اسلامک اسٹیٹ، القاعدہ اور النصرہ فرنٹ کے علاوہ ان دہشت گرد تنظیموں کے خلاف فوجی کاروائیاں جاری رہیں گی جو سلامتی کونسل کی فہرست میں ہیں۔