اردو

urdu

ETV Bharat / international

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجموعی اثاثوں میں 60 کروڑ ڈالر کی کمی - president donald trump

فوربس میگزین کے ذریعہ جاری 400 سب سے زیادہ دولت مند امریکیوں کی فہرست میں ٹرمپ 339 ویں نمبر پر ہیں ۔گزشتہ ایک برس میں وہ 64 پائیدان نیچے چلے گئے۔

president donald trump's total assets fall by 60 crore
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجموعی اثاثوں میں 60 کروڑ ڈالر کی کمی

By

Published : Sep 9, 2020, 9:29 AM IST

فوربس میگزین نے ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس کے مطابق گذشتہ ایک برس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجموعی اثاثوں میں 60 کروڑ امریکی ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے۔

فوربس میگزین کے تازہ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 2.5 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔

میگزین کے ذریعہ جاری 400 سب سے زیادہ دولت مند امریکیوں کی فہرست میں ٹرمپ 339 ویں نمبر پر ہیں ۔گزشتہ ایک برس میں وہ 64 پائیدان نیچے چلے گئے۔

فوربس کے مطابق نیویارک میں ٹرمپ کی نو جائیدادوں میں تقریبا 32 اعشاریہ چھ کروڑ ڈالر کی گراوٹ آئی ہے، جبکہ نیویارک کی پانچ املاک میں 12 اعشاریہ چار ملین ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے۔

ٹرمپ کے بیشتر گولف کورسز اور کلبوں میں ایک اندازے کے مطابق 13 اعشاریہ سات کروڑ امریکی ڈالر کی گراوٹ آئی ہے۔ تاہم فلوریڈا کے پام بیچ میں واقع ان کے ’مار-اے-لاگو‘ کلب کی قیمتوں میں10 کروڑ امریکی ڈالر کا اضافہ ہوا۔

فوربس میگزین کے مطابق ٹرمپ کی دولت میں کمی کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ہوئی ہے جس نے بہت سی صنعتوں کو متاثر کیا ہے۔ ان صنعتوں میں ہوٹل گولف کورس اور کلب شامل ہیں جس میں ٹرمپ نے اپنی زیادہ تر سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

واضح رہے کہ فوربس ایک امریکی بزنس میگزین ہے۔ یہ برس میں آٹھ دفعہ شائع ہوتا ہے۔ اس میں فنانس، صنعت، سرمایہ کاری اور مارکیٹنگ کے موضوعات پر مضامین شامل ہیں۔

فوربس ٹیکنالوجی، مواصلات، سائنس، سیاست اور قانون جیسے متعلقہ مضامین کے بارے میں بھی رپورٹ کرتا ہے۔ اس کا صدر دفتر نیو جرسی کے شہر جرسی میں واقع ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details