پاکستانی خبر رساں سرکاری(اے پی پی) کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے منگل کو بل اور میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف) کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ٹیلی فون پر پولیو کے خاتمے کی کوششوں اور پاکستان میں غذائیت کے ساتھ ساتھ مالی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے فاؤنڈیشن کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
اس گفتگو کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے ارب پتی بل گیٹس سے اپیل کی کہ وہ افغانستان کے لوگوں کو انسانی امداد فراہم کرنے پر غور کریں۔
وزیر اعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ افغانستان کی آدھی سے زیادہ آبادی خط افلاس سے نیچے زندگی گزار رہی ہے اور انھیں مالی امداد کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے بل گیٹس سے درخواست کی کہ وہ افغان عوام کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے پر غور کریں۔
عمران خان اور بل گیٹس نے افغانستان میں صحت کے نظام کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا جو پاکستان کے ساتھ پولیو کا شکار دنیا کا دوسرا ملک ہے۔
انہوں نے پولیو مہم کو افغانستان میں دوبارہ شروع کرنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا تاکہ اس بیماری کو روکا جاسکے اور پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کے حالیہ فوائد کی حفاظت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔