اردو

urdu

ETV Bharat / international

' کشمیر میں قتل عام کا اندیشہ' - کشمیر میں 9 لاکھ بھارتی فوجی موجود ہیں

پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے کشمیر میں بندشوں کے خاتمے کے بعد قتل عام کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

پاکستانی وزیراعظم عمران خان

By

Published : Sep 25, 2019, 1:40 PM IST

Updated : Oct 1, 2019, 11:22 PM IST


عمران خان نے کہا ہے کہ 'کشمیر میں 9 لاکھ بھارتی فوجی موجود ہیں اور قتل عام ہوسکتا ہے لہذا عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔'

نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ' یہ وقت ہے کہ دنیا کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے، کیوبا بحران کے بعد پہلی بار دو ایٹمی طاقتیں پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہیں۔'

عمران خان نے کہا کہ' ہم نہیں جانتے کہ کشمیر میں بندشیں ختم ہونے کے بعد کیا ہوگا،لیکن قتل عام کا خدشہ ہے، 80 لاکھ لوگ کشمیر میں محصور ہیں اس سے بڑی اور ریاستی شدت پسندی کیا ہوگی۔'


انہوں نے کہا کہ معاملات کو معمول پر لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، سکیورٹی کونسل اپنے فیصلوں پر عمل درآمد نہیں کراسکی جس کی وجہ سےکشمیری متاثر ہورہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا ہے کہا کہ' اگر کشمیر میں کچھ بھی ہوتا ہے تو بھارت اس کا الزام پاکستان پر عائد کر دیتا ہے۔

کشمیر کے مسئلے پر عالمی رہنماؤں سے ہونے والی بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، بورس جانسن، اینگلا مرکل، فرانس کے صدر میکرون سے بات کی ہے۔


انہوں نے کہا کہ وہ او آئی سی کے اجلاس میں تمام مسلم قیادت کو جمع کریں گے اور اس کی صرف ایک وجہ ہے کہ کشمیری مشکل میں ہیں اور وہ مسلمان ہیں اس لیے مسلم دنیا پر لازم ہے کہ وہ ایک مؤقف اپنائیں ورنہ اس سے بنیاد پرستی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

عمران خان نے اس موقع پر ترک صدر طیب اردوغان کی جانب سے اپنے خطاب میں کشمیر کا ذکر کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

Last Updated : Oct 1, 2019, 11:22 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details